ایران و سعودی عرب کے دشمن، دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کے در پے ہیں، صدر پزشکیان

تہران - ارنا - صدر مملکت نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ ایران اور سعودی عرب کے دشمن اور بدخواہ اپنے ناجائز مقاصد کے حصول کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کے درپے ہیں، کہا: ایران اور سعودی عرب کو  سوجھ بوجھ  اور اتحاد کے ساتھ ایسی سازشوں کو ناکام بنانا چاہیے۔

صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے منگل کی  شام سعودی عرب کے بادشاہ کے خصوصی نمائندے "منصور بن متعب بن عبدالعزیز"  سے ملاقات میں خادم الحرمین الشریفین اور سعودی ولی عہد کی جانب سے محبت آمیز پیغام پر شکریہ ادا کیا اور سعودی عرب کے ولی عہد کے ساتھ اپنی تفصیلی گفتگو کو تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا ایران و سعودی عرب ، پڑوسی ملک اور برادرانہ تعلقات کے علاوہ ، دینی و مذہبی عقائد کی رو سے بھی ایک دوسرے سے جڑے ہيں اور اس سے ہم ایک ہو گئے ہيں۔

صدر مملکت نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ دونوں ملکوں  کے دشمن اور بدخواہ اپنے ناجائز مقاصد  کے حصول کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنا چاہتے ہیں، کہا: ایران اور سعودی عرب کو سوجھ بوجھ، اتحاد اور ہم آہنگی کے ساتھ ایسی سازشوں کو ناکام بنانا چاہیے۔

اس ملاقات میں سعودی عرب کے بادشاہ کے خصوصی نمائندے نے بھی سعودی عرب کے بادشاہ اور ولی عہد کی جانب سے ڈاکٹر  پزشکیان کو مبارکباد پیش کی اور کہا: دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات ، مشترکہ تاریخ و ثقافت اور پڑوس اور اخوت پر استوار ہيں اور ایک دین نے دوںوں قوموں کو ایک دوسرے سے جوڑ دیا ہے۔

منصور بن متعب بن عبدالعزیز نے ایران کے ساتھ تعلقات میں  توسیع کے لئے  اپنے ملک کے رہنماؤں کی دلچسپی کا ذکر کرتے ہوئے کہا: سعودی عرب کے رہنماوں کا خیال ہے کہ بیجنگ میں دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والا معاہدہ باہمی مفادات کے حصول کے راستے کا آغاز ہے اور یہ وہ راستہ ہے جس سے نہ صرف یہ کہ علاقائی مفادات کا تحفظ ہوگا بلکہ اس سے عالمی مفادات بھی محفوظ رہيں گے۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .